سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت بس ڈپوز کی تعمیر سے متعلق اجلاس

سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت مختلف پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں سمیت بس ڈپوز کی تعمیر کیلئے زمین کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

کراچی۔ 18 جولائی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت مختلف پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں سمیت بس ڈپوز کی تعمیر کیلئے زمین کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران حکام نے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں اور بسوں کی پارکنگ و آپریشن کے لیے درکار اراضی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں مختلف اضلاع میں دستیاب سرکاری اراضی، مجوزہ مقامات اور مستقبل کی ضروریات کا جائزہ بھی لیا گیا تاکہ بس ڈپوز کے قیام کے لیے موزوں مقامات کا تعین کیا جا سکے۔اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 50 ڈبل ڈیکر بسیں اور 500 نئی الیکٹرک (EV) بسیں ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کی جا رہی ہیں، جن کی آمد سے صوبے کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بس ڈپوز کے لیے موزوں اراضی کی نشاندہی اور اس کی فراہمی کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے لیے جدید بس ڈپوز قائم کیے جا سکیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منصوبوں کی کامیابی کے لیے مناسب ڈپو اور آپریشنل انفراسٹرکچر کی بروقت دستیابی ناگزیر ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے زمین کی نشاندہی اور دیگر ضروری انتظامات جلد از جلد مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، آرام دہ، ماحول دوست اور عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نئی بسوں کو جلد از جلد عوامی خدمت کے لیے سڑکوں پر لایا جائے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جاری منصوبے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی کا باعث بنیں گے۔

 

مزید خبریں