سنگاپور میں مالیاتی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے نئے ادارے کا قیام

سنگاپور میں مالیاتی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے نئے ادارے کا قیام

سنگاپور۔26جون (اے پی پی):سنگاپور کی مانیٹری اتھارٹی (ایم اے ایس) نے مالیاتی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے فیوچر آف فنانس انسٹی ٹیوٹ (ایف ایف آئی )کے قیام کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق ایم اے ایس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ نیا ادارہ ابتدائی مرحلے میں مصنوعی ذہانت (AI) اور **ٹوکنائزیشن** پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس کا مقصد مالیاتی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور محققین کے درمیان تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ وسائل اور تکنیکی مہارت فراہم کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فیوچر آف فنانس انسٹی ٹیوٹ مصنوعی ذہانت اور ٹوکنائزیشن کے شعبوں میں پہلے سے جاری سرکاری و نجی تعاون کو ایک مربوط پلیٹ فارم کے تحت یکجا کرے گا۔ مانیٹری اتھارٹی پالیسی سازی اور ضابطہ جاتی امور کی نگرانی جاری رکھے گی، جبکہ نیا ادارہ براہِ راست صنعت کے شراکت داروں کے ساتھ کام کرے گا۔

ادارے کی سرگرمیاں چار اہم شعبوں پر مشتمل ہوں گی، جن میں معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے والا علمی مرکز، صنعتی اشتراک کے لیے انوویشن گیراج نئی ٹیکنالوجیز کی آزمائش کے لیے **انڈسٹری سینڈ باکسز**، اور عملی نفاذ کے لیے ٹول کٹس شامل ہیں۔

ان وسائل میں پروگرام ایبل کمپلائنس اور مصنوعی ذہانت کے خطرات کے انتظام سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔اس ادارے کی نگرانی ایک بورڈ کرے گا، جس میں مانیٹری اتھارٹی، مالیاتی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور جامعات کے نمائندے شامل ہوں گے۔