ایس ایس پی انویسٹی گیشن سیف اللہ نے کہا ہے کہ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بناتے ہوئے کیسز کو میرٹ پر نمٹایا جائے
سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بناتے ہوئے کیسز کو میرٹ پر نمٹایا جائے، ایس ایس پی کی پولیس افسران کو ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔28ستمبر (اے پی پی):ایس ایس پی انویسٹی گیشن سیف اللہ نے کہا ہے کہ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بناتے ہوئے کیسز کو میرٹ پر نمٹایا جائے جبکہ سینئر افسران اہم اور سنگین مقدمات کی تفتیش کی خود نگرانی کریں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے یہ ہدایات ایس ڈی پی او آفس سٹی میں منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں ڈی ایس پی سٹی، سٹی سرکل کے ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور محرر اسٹاف نے شرکت کی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے افسران کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا اور زیرتفتیش مقدمات کے حوالے سے ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا کہ زیرتفتیش مقدمات کو حقائق کی روشنی میں میرٹ پر یکسو کیا جائے اور چالان پینڈنسی کو جلد از جلد کلیئر کیا جائے۔ اشتہاری مجرمان، ان کے سہولت کاروں اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں مزید بہتری لائی جائے۔ سیف اللہ نے ہدایت کی کہ بہترین تفتیش اور موثر پیروی مقدمات کے ذریعے منشیات فروشوں کو سزائیں دلوانے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔







