برن ۔1جنوری (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ کے ایک لگژری ریزورٹ کے بار میں دھماکے سے درجنوں افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے درجنوں افراد کے ہلاک ہونے اور 100 سے زائد زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ اطالوی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سوئس پولیس سے موصول معلومات کے مطابق تقریباً 40 اموات ہوئی ہیں تاہم پولیس نے پریس …
سوئٹزرلینڈ کے لگژری ریزورٹ میں دھماکہ، 40 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

مزید خبریں
برن ۔1جنوری (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ کے ایک لگژری ریزورٹ کے بار میں دھماکے سے درجنوں افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے درجنوں افراد کے ہلاک ہونے اور 100 سے زائد زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
اطالوی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سوئس پولیس سے موصول معلومات کے مطابق تقریباً 40 اموات ہوئی ہیں تاہم پولیس نے پریس کانفرنس میں اس واقعے پر ’’درجنوں‘‘ سے زیادہ وضاحت دینے سے گریز کیا۔اس سے قبل سکائی نیوز نے پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اس واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ کچھ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔پولیس کے ترجمان نے تعداد کی تصدیق کرنے سے انکار کیا، لیکن کہا کہ کئی افراد کو جلنے کے زخموں کے علاج کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔
پولیس ترجمان گیٹن لاتھیون نے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعرات کو ہونے والے دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی لیکن کئی لوگ زخمی ہیں اور کئی ہلاک ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 1:30 بجے ایک بار میں جب لوگ نئے سال کا جشن منا رہے تھے دھماکہ ہوا۔ بار کا نام ’لے کانسٹیلیشن‘ ہے جو سیاحوں میں مقبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے۔
سوئس میڈیا کی جانب سے شائع تصاویر میں ایک عمارت کو آگ میں لپٹا ہوا اور ایمرجنسی سروسز کو قریب دکھایا گیا۔پولیس نے مزید کہا کہ علاقے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور کرانس مونٹانا پر نو فلائی زون نافذ کر دیا گیا ہے۔سوئس میڈیا آؤٹ لیٹ بلیک نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے کے وقت بار میں 100 سے زیادہ لوگ موجود تھے۔








