سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری اور غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کی،
سوئی گیس ٹاسک فورس کی ملتان میں کارروائی، کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر 4 میٹر منقطع

مزید خبریں
ملتان۔ 13 جولائی (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری اور غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کی،
جس کے نتیجے میں قواعد کی خلاف ورزی پر 4 گیس میٹر منقطع کر دئیے گئے۔سوئی گیس ترجمان کے مطابق چیکنگ کے دوران 4 صارفین کمپریسر کے غیر قانونی استعمال کے مرتکب پائے گئے، جس پر متعلقہ گیس میٹرز فوری طور پر منقطع کر دئیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری کا خاتمہ، گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان احمد جواد خاکوانی نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کی حفاظت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے گیس صارفین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گیس استعمال کرنے سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہیں گیس کی بو محسوس نہ ہو رہی ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی مقام پر گیس کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دئیے جائیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کیا جائے۔جنرل منیجر نے واضح کیا کہ گیس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔








