وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، زراعت، لائیوسٹاک اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرتگال کے سفیر نے ایران اورامریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ وزیراعلی مریم نواز نے سفیر کی لاہورتشریف آوری پرشکریہ ادا کیا۔ پرتگالی سفیر نے پاکستان خصوصا لاہورکے پکوان اوراہل لاہورکی مہمان نوازی کو سراہا۔ ملاقات میں وزیراعلی پنجاب نے پرتگالی کمپنیوں کو پنجاب میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے کاروباری تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاکستان پرتگ بزنس فورم قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر لاہور اور لزبن شہرکے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے لیے جڑواں شہرقراردینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی نے سیاحت کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی۔ پرتگالی سفیر پالوڈومینگوز نے وزیراعلی مریم نواز کو پرتگال کے دورے کیلئے مدعوبھی کیا۔ پرتگالی سفیر نے وزیراعلی مریم پنجابکو پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کے قیام اورصوبے میں ہیلتھ کے شعبے میں ریکارڈ کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے۔ پرتگال اور پنجاب کے درمیان فارماسیوٹیکل سیکٹر، توانائی، آبی وسائل، ہیلتھ اور ڈیجیٹل جدت میں امکانات موجود ہیں۔ پاکستان میں نوجوانوں کی کثیر تعدادفٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی مداح ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پرتگالی ثقافت، ورثے، زبان اور علمی تبادلوں کو فروغ دینے سے عوامی روابط کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان اور پرتگال کے تعلقات پائیدار روابط کو ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے آگے بڑھائیں گے۔ پرتگال کے سفیر نے کہا کہ مشرق وسطی میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کے معترف ہوں۔ پاکستانی تاجروں کوپرتگال میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کریں گے۔