گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13جولائی 1931کے شہدا کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
شہدائے کشمیر نے حق، آزادی اور وقار کے لئے لازوال قربانیاں دیں،گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 13 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13جولائی 1931کے شہدا کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر نے حق، آزادی اور وقار کے لیے لازوال قربانیاں دیں،مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو طاقت اور جبر سے دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت کی فراہمی میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے۔گورنر سندھ نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر پر پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔








