سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز نے مظالم کیے، یمن کے علاقے حضرموت میں کشیدگی خطرناک ہے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔12دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف ) پر سوڈان میں مظالم کے ارتکاب کا الزام عائد کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ہم تمام سوڈانی فریقین سے بات کر رہے ہیں اور اس ضمن میں ہم دونوں فریقین کے ساتھ جنیوا میں ملاقاتیں کریں گے،تاہم انہوں نے اس متوقع …

اقوام متحدہ ۔12دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف ) پر سوڈان میں مظالم کے ارتکاب کا الزام عائد کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ہم تمام سوڈانی فریقین سے بات کر رہے ہیں اور اس ضمن میں ہم دونوں فریقین کے ساتھ جنیوا میں ملاقاتیں کریں گے،تاہم انہوں نے اس متوقع ملاقات کی کوئی تاریخ نہیں بتائی، یہ کوششیں اس عرب ملک میں 2 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لئے کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے سوڈان کے عوام کی تکالیف کو غیر معمولی قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے الفاشر میں اپنے مشنزپر بمباری کے ذمہ داروں کا احتساب کرنے کا بھی مطالبہ کیا اورریپڈ سپورٹ فورسز پر مظالم کے ارتکاب کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان میں جنگ خوفناک ہے اور اسے رک جانا چاہیے۔انتونیو گوتریش نے کہا کہ دنیا کی نظریں سوڈان کی جنگ پر مرکوز ہیں اور اس تنازع پر اکتوبر میں بین الاقوامی سطح پر مذمت کی جارہی ہے جب ریپڈ سپورٹ فورسز نے 18 ماہ کے شدید محاصرے کے بعد شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشر، جو مغربی سوڈان میں فوج کا آخری گڑھ تھا، پر قبضہ کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر مظالم کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو متاثرہ شہر تک رسائی کی اجازت دینے کا وعدہ موصول ہوا ہے۔

انتونیو گوتریش نے کہا کہ یمن کے علاقے حضرموت میں ہونے والی پیش رفت ایک خطرناک کشیدگی ہے۔ انہوں نے حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کے ملازمین کی گرفتاری کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح ان ملازمین کو رہا کروانا ہے۔ حوثیوں نے ان افراد پر امریکا اور اسرائیل کے لئے جاسوسی کے الزامات لگائے اور ان کی گرفتاری کا جواز پیش کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس کے ملازمین پر ان کی سرکاری سرگرمیوں کی بنیاد پر مقدمہ چلانا جائز نہیں ہے۔

یو این سیکرٹری جنرل نے غزہ کے حوالے سے کہا کہ ہم غزہ کے بارے میں تعاون کےلئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے امن سفارت کاری اور دنیا کے مختلف خطوں میں بھیجی جانے والی انسانی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اقوام متحدہ میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ساتھ سعودی عرب کے گہرے تعاون کو سراہا۔