پی ٹی اے کا غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

پی ٹی اے کا غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل کے ساتھ مل کر لاہور میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق لاہور کے علاقے غازی روڈ جاوید کالونی میں ’’چھابڑیا انٹرنیٹ سروس‘‘ اور ’’برادر کیبل نیٹ‘‘ نامی دو سیٹ اپس پر کامیاب چھاپے مارے گئے

۔چھاپوں کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں سیٹ اپ بغیر کسی باقاعدہ لائسنس کے غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروس فراہم کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران مالکان سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے پاس موجود غیر قانونی ٹیلی کام آلات بھی ضبط کر لیے گئے۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کے خلاف یہ کارروائیاں ٹیکس چوری اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ادارے نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ سروس کی اچانک بندش سے بچنے کے لیے صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ اور لائسنس یافتہ آپریٹرز کی خدمات ہی حاصل کریں۔