سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2026 کیلئے موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کا منظم شیڈول جاری کر دیا ہے ،جس کا مقصد عدالتی کارکردگی میں بہتری، زیر التوا مقدمات کے بروقت فیصلوں اور انصاف کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے موسمِ گرما کی عدالتی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2026 کیلئے موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کا منظم شیڈول جاری کر دیا ہے ،جس کا مقصد عدالتی کارکردگی میں بہتری، زیر التوا مقدمات کے بروقت فیصلوں اور انصاف کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق معزز ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان کی درخواست اور باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران اسلام آباد میں واقع مرکزی نشست پر عدالتی سماعتوں کا دورانیہ بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مقدمات نمٹائے جا سکیں
۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ روایتی طریقہ کار کے برعکس اس بار برانچ رجسٹریوں میں ججز کے بیٹھنے کے دورانیے میں کمی کی جائے گی تاہم تعطیلات کا مجموعی دورانیہ چار ہفتے ہی برقرار رہے گا جو گزشتہ برسوں کے مطابق ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ اس انتظام کا مقصد موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران عدالتی دستیابی میں اضافہ، مقدمات کی مسلسل سماعت اور فیصلوں میں تیزی لانا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔سپریم کورٹ کے مطابق یہ اقدام ادارہ جاتی وسائل کے بہتر استعمال، عدالتی کارکردگی میں بہتری اور نظامِ انصاف کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔








