سپین، ٹرین حادثہ میں اموات بڑھ کر 39ہو گئیں ،150 افراد زخمی

میڈرڈ۔19جنوری (اے پی پی):سپین میں تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر ایک اور ٹرین سے ٹکرا گئی جس سے اموات بڑھ کر 39ہوگئی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کوصوبے قرطبہ کے شہر ایڈاموز کے قریب پیش آیا۔ ملک کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 150 سے زائد افراد …

میڈرڈ۔19جنوری (اے پی پی):سپین میں تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر ایک اور ٹرین سے ٹکرا گئی جس سے اموات بڑھ کر 39ہوگئی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کوصوبے قرطبہ کے شہر ایڈاموز کے قریب پیش آیا۔

ملک کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ میڈرڈ سے ہیلوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔ریل نیٹ ورک چلانے والے ادارے ایڈف کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ میڈرڈ جانے والی ٹرین ایڈاموز کے قریب اس وقت پٹری سے اتری جب قریبی پٹری سے ایک اور ٹرین گزر رہی تھی۔بیان کے مطابق حادثہ شام 6 بجکر 40 منٹ پر ہوا اور اس سے 10 منٹ قبل ہی ٹرین قرطبہ سے میڈرڈ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ایڈف کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایریو ایک پرائیویٹ کمپنی ہے جو کہ سرکاری محکمہ ریلوے کے تحت کام کرتی ہے۔

محکمہ ریلوے نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ایمرجنسی پروٹوکولز کو متحرک کر دیا گیا ہے اور حکام موقع پر موجود ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔محکمے نے حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان چلنے والی سروس معطل کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹکرانے والی ٹرین میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے جبکہ دوسری ٹرین میں 100 کے قریب مسافر موجود تھے۔قرطبہ کے فائر چیف پاکو کیرمونا نے ٹی وی ای کو بتایا کہ ایک ٹرین میں سے تمام مسافروں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ دوسری ٹرین کی حالت بہت خراب ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ دوسری ٹرین میں اب بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ان میں سے کتنے مر چکے ہیں کیونکہ یہ ایک مشکل آپریشن ہے تاہم زندہ افرادکو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سپین کے وزیر ٹرانسپورٹ اوسکر پیونٹےنے کہا ہے کہ وہ ایڈف کے ہیڈکوارٹر میں موجود ہیں اور آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے ایکس پرپوسٹ میں لکھا کہ تازہ ترین اطلاعات بہت تشویش ناک ہیں، ایک ٹرین کی حالت بہت خراب ہے۔ مرنے اور زخمی ہونے والوں کی درست تعداد کا پتہ نہیں چل رہا، تاہم ان کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ایڈاموز کے میئر رفائل مورینو نے بتایا کہ وہ سب سے پہلے موقع پر پہنچنے والے افراد میں شامل تھے اور انہوں نے بہت بڑی تباہی دیکھی۔ان کے مطابق وہ ایک خوفناک منظر تھا، دونوں ٹرینز پٹری سے اتر چکی تھیں اس کے بعد دوسری ٹیمیں بھی پہنچیں اور اس وقت لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔