سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرسے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدابہار منفرد دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے، پاک ۔چین اقتصادی راہداری کے تحت قائم کئے جانے والوں منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کو اپنے معاشی اور صنعتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی، موجودہ حکومت اس مثالی دوستی کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات علاقائی ترقی، باہمی اعتماد، تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کوتیزی سے فروغ حاصل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں کےفروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے سفیر کو چین کے نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچانے اور پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اسپیکر نے نونگ رونگ کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اُن کی کامیابی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ سی پیک نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر منصوبے کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں معاشی اور سماجی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے اور منصوبے کی افادیت میں اضافے کے لئے پارلیمانی سطح پر اسٹیک ہولڈرز ، دانشوروں اور معاشرے کے دیگر طبقات کو متحرک کرنے کے لئے سیمینار کا ایک سلسلہ ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے چینی سفیر کو 13 نومبر کو پشاور میں سی پیک سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔اسپیکر نے حال ہی میں مکمل ہونے والے راشہ کئی خصوصی اقتصادی زون منصوبے کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قتصادی زون ملک کی صنعتی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ اسپیکر نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان 21 نومبر 2020 کو اس خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح کرنے جار رہے ہیں۔چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مثالی دوستانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ تقویت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین باہمی تعاون دونوں ملکوں کی قیادت کی ایک دوسرے کے ساتھ گہری وابستگی کی عکاسی ہے۔ سفیر نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے خطے کے عوام کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی و اقتصادی ، صنعتی ، زرعی، سائنسی اور تکنیکی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاک چین تعلقات کے ایک نئے دور کی شروعات ہوں گی۔ بعدازاں چینی سفیر نے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعاون بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیااور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چین کی حکومت کی جانب سے باہمی تعاون کے شعبوں میں پیش کردہ تجاویز متعلقہ فورموں کو ارسال کی جائیں گی۔ سفیر نے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کو پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز پر جاری کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔چیئر مین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک نے سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے منصوبوں پر ہونے والے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔