سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی زیرِ تربیت سی ایس پی افسران کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال دیکھنے کے خواب کو پورا کرنے کےلئے سیاستدانوں اور سرکاری ملازمین کوسخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، سرکاری ملازمین حکومتی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے بغیر حکومتی نظام کو چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار زیرِ تربیت سی ایس پی افسران …

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال دیکھنے کے خواب کو پورا کرنے کےلئے سیاستدانوں اور سرکاری ملازمین کوسخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، سرکاری ملازمین حکومتی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے بغیر حکومتی نظام کو چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار زیرِ تربیت سی ایس پی افسران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔ سپیکرنے زیرِ تربیت افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب بہت ذہین اور محنتی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ انسان کو بڑا آدمی نہیں بناتا بلکہ اس کا کام اس کو بڑا آدمی بناتا ہے۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ اپنی سوچ کو مثبت رکھیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اور بیوروکریٹس باہمی تعاون سے ملک میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی سوچ علیحدہ علیحدہ ہوتی ہے تاہم دونوں کامقصد خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل اور پاکستان کو بہتری کی طرف لے جانا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سنگین چیلینجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کے کی ضرورت ہے۔ اسد قیصر نے زیرِ تربیت افسران کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک کو بہتر سے بہتر بنا سکتے ہیں تاہم آپ نے پرانے بیوروکریٹک مائنڈسیٹ سے باہر نکل کر عوام کے لئے سوچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے بھی ایک اچھی جگہ پر لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع دیا ہے اور یہ موقع بہت محنت اور جدو جہد کے بعد حاصل ہوا ہے، آپ بھی محنت کر کے یہاں تک پہنچے ہیں لہٰذاآپ اور زیادہ لگن اور محنت سے کام کر کے اداروں کو مزید م?ستحکم اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی نشست نہیں بلکہ ملک و قوم کے لئے کی جانے والی خدمات یاد کی جائیں گی۔انہوں نے زیرِ تربیت سی ایس پی افسران سے پاکستان سے ان کی محبت پر کبھی سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے ہمیشہ ملک کے اداروں کی مضبوطی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اداروں کو مستحکم بنانے کے لئے سرکاری ملازمین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ شرکا کو پارلیمنٹ کے بنیادی فرائض اور پارلیمنٹ ہاوس میں قانون سازی کے عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔تفصیلی بریفنگ قومی اسمبلی کے ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی مشتاق احمد اور جوائنٹ سیکرٹری بین الاقوامی امور (آئی آر) سید شمون ہاشمی کی جانب سے دی گئی۔ زیرِ تربیت سی ایس پی افسران کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے سوال جواب کے سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔ زیرِ تربیت سی ایس پی افسران کے وفد نے پارلیمنٹ ہاوس سے متعلق معلومات میں گہر ی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے یہ فورم فراہم کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply