اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ پاک۔بھارت کشیدگی مودی سرکار کی الیکشن جیتنے کی بھونڈی کوشش ہے، کشیدگی کے دوران پاکستان کی سیاسی قیادت نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے یک زبان ہو کر امن کی کوششوں کی حمایت کی، کشمیر کی بگڑتی صورتحال کو محض دہشتگردی کے تناظر میں نہیں …
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ارجنٹائن کے سفیر ایوان ایوانوچ سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ پاک۔بھارت کشیدگی مودی سرکار کی الیکشن جیتنے کی بھونڈی کوشش ہے، کشیدگی کے دوران پاکستان کی سیاسی قیادت نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے یک زبان ہو کر امن کی کوششوں کی حمایت کی، کشمیر کی بگڑتی صورتحال کو محض دہشتگردی کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے جس کو اقوامِ متحدہ کے ادارہ انسانی حقوق نے بھی تسلیم کیا ہے، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے ،عالمی برادری اس مسئلے سے پہلو تہی نہیں کر سکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارجنٹائن کے سفیر ایوان ایوانوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاو¿س میں سپیکر سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ اگر بھارتی قابض افواج کشمیری خواتین کی بے حرمتی کرتی رہیں گی اور نہتے کشمیریوں کی جان، مال، عزت و آبرو کی دھجیاں بکھیرتی رہیں گی تو اسے بے ساختہ عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے خطے میں امن کی کو ششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرتارپور راہداری منصوبہ اور بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی امن دوستی کے واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کرتارپور راہداری منصوبے کو خطے میں امن کے قیام کے لیے گیٹ وے قرار دیا۔ انہوں نے سفیر کو پاکستانی حکومت کی جانب سے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں امن کی خاطر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔سپیکر نے پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین تعلقات کا ذکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں جنہیں پاکستان بڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی اور اقتصادی رابطوں میں اضافے کے ذریعے انہیں مزید وسعت دینے کا خواں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ کے مابین رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو م±ستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی ہجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ارجنٹائن کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ ارجنٹائن کے سفیرایوان ایوانوچ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کے مدبرانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کی جانب سے قیام امن کے لئے کی جانے والی مخلصانہ کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاکستان ارجنٹائن فرینڈشپ گروپ کے قیام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے پارلیمان میں تعاون اور وفود کا تبادلہ باہمی دوستی کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تجارت سمیت تمام اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے تصفیہ طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔








