اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کو آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم …
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور بارے تبادلہ خیال کیا
اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بدھ کو آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی شعبوں بالخصوص لائیو سٹاک اور مائننگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے، دنیا بھر کے سرمایہ کار ہمارے معدنی وسائل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
سپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک-آسٹریلیا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم ثابت قدم اور مہمان نواز قوم ہے، آسٹریلوی سرمایہ کار مائننگ کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد آسٹریلیا کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے جمہوری نظام اور پارلیمانی اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔









