سپیکر قومی اسمبلی کا پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر )کو خراجِ عقیدت

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر )کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی حب الوطنی، جرأت اور فرض شناسی کی لازوال مثال ہے۔

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر )کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی حب الوطنی، جرأت اور فرض شناسی کی لازوال مثال ہے۔ جمعرات کو راشد منہاس شہید کی 55 ویں برسی کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید نے مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،ان کی بے مثال جرأت، فرض شناسی اور وطن سے محبت نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید نے پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستان کے کم عمر ترین سپوت ہیں جنہیں اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔سپیکر نے کہا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ لازوال قربانیاں پیش کیں،راشد منہاس نے وطن کے دفاع میں جان قربان کرکے ثابت کیا کہ ملکی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے، انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، قوم کو ان پر فخر ہے،قوم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ سردار ایاز صادق نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس سمیت تمام شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی