لاہور۔23جنوری (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلس نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے یورپی یونین کے سفیر کی پنجاب اسمبلی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی شراکت …
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات، پارلیمانی و تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
لاہور۔23جنوری (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلس نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے یورپی یونین کے سفیر کی پنجاب اسمبلی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
جو جمہوریت،کثیرالجہتی نظام،بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر مبنی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط پاکستان،یورپی یونین تعلقات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی اہم ہیں۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری جمہوری اقدار کے فروغ،باہمی اعتماد اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کی یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ روابط بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں جمہوری اداروں، قانون کی حکمرانی اور اچھی طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے تعاون کو سراہا۔ملاقات میں تجارتی و اقتصادی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ہے جبکہ جی ایس پی پلس اسکیم نے برآمدات کے فروغ، روزگار کے مواقع اور خواتین کے معاشی کردار کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے خواتین، بچوں، نوجوانوں اور پائیدار ترقی سے متعلق پارلیمانی کاکس کے موثر کردار کو بھی اجاگر کیا۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں پنجاب کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے گرین انرجی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے منصوبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔دونوں رہنماوں نے پارلیمانی تعلقات اور سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلس نے کہا کہ یورپی یونین جمہوریت کے فروغ،اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کیلئے پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے پنجاب اسمبلی کو غیر جانبداری اور جمہوری اقدار کے مطابق چلانے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں چیئرپرسن پبلک اکاونٹس کمیٹی افتخار احمد چھچھر،سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب اور پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔








