سپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس حلف کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کا اختیار ہے،اعظم نذیر تارڑ

47

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں 26 اراکین کی معطلی سپیکر کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، سپیکر ایوان کے سربراہ ہیں، ان کے اختیارات کسی گھر کے بڑے جیسے ہوتے ہیں۔ لاہور میں سول سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسمبلی کے اراکین نے آئین کے مطابق حلف لیا ہے کہ وہ اپنے فرائض اور کارہائے منصبی دیانت داری سے سرانجام دیں گے، اگر کوئی رکن اس حلف کی خلاف ورزی کرتا ہے تو سپیکر کے پاس اختیار ہے کہ اس کے خلاف کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر 26 اراکین کے خلاف ڈی سیٹ کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو ریفرنس بھیج سکتے ہیں، تاہم سپیکر ہمیشہ اپنی غیر جانبداری کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ایوان میں دونوں طرف کے درمیان بیٹھ کر کارروائی کو معتدل انداز میں چلاتے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن کو احتجاج کا حق حاصل ہے، مگر کرسیاں مارنا، مائیک توڑنا اور ایوان کی املاک کو نقصان پہنچانا احتجاج نہیں بلکہ قانون شکنی ہے، ایسے عناصر کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا چاہیے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپیکر پنجاب اسمبلی ایوان کے وقار اور جمہوری روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلے کا ایسا حل نکالیں گے جو ایوان کے تقدس کو برقرار رکھے۔