سکھر۔ 20 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی اور ڈی آئی جی پولیس پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ سکھر میں دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل میراتھن ریس اتوار کو ہوگی، تمام تر انتظامات مکمل ہیں، تین ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی ایتھلیٹس نے رجسٹریشن کرالی، مردو خواتین کے ساتھ صحافی بھی دوڑ لگائیں گے، میراتھن کے ذریعے نہ صرف دنیا میں ہمارا امن کا پیغام …
سکھر میں بین الاقوامی معیار کی میراتھن ریس اتوار کو ہوگی

مزید خبریں
سکھر۔ 20 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی اور ڈی آئی جی پولیس پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ سکھر میں دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل میراتھن ریس اتوار کو ہوگی، تمام تر انتظامات مکمل ہیں، تین ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی ایتھلیٹس نے رجسٹریشن کرالی، مردو خواتین کے ساتھ صحافی بھی دوڑ لگائیں گے، میراتھن کے ذریعے نہ صرف دنیا میں ہمارا امن کا پیغام جائے گا بلکہ ہماری ثقافت اور کھیلوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔
ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوک سہائتا آرگنائزیشن کے تعاون سے سکھر میں دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل میراتھن ریس کل اتوار 21 دسمبر کو ہوگی ۔ میراتھن میں حصہ لینے کے لیے ملکی و غیر ملکی تین ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے اپنی رجسٹریشن مکمل کرالی ہے، اس ریس میں مرد اور خواتین کے ساتھ صحافیوں کی دوڑ کی کٹیگری بھی شامل کی گئی ہے، مردوں کی میراتھن ریس 42.195 کلومیٹرز کے فاصلے پر محیط ہوگی، مردوں کی ریس سکھر کے پبلک اسکول سے شروع ہوگی اور خیرپور کے شاہ حسین بائی پاس کے پہلے آنے والے اسٹاپ وارث گنبھیر تک جائے گی اور پھر وہاں سے واپس سکھر پبلک اسکول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی، خواتین کی ریس 10 کلومیٹر تک ہوگی,
خواتین کی ریس پبلک اسکول سے شروع ہوکر سینٹرل جیل سکھر اور پھر واپس پبلک اسکول پہنچ کر ختم ہوگی جبکہ صحافیوں کی دوڑ پبلک اسکول سے شروع ہوگی اور گلوب چوک سے ہوتی ہوئی واپس پبلک اسکول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی, میراتھن ریس کے حوالے سے لوک سہائتا کے چیئرمین و ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ اور سکھر ڈویژن کے کمشنر عابد سلیم قریشی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہاکہ اس میرا تھن ریس کے ذریعے ہمارا نہ صرف کلچر دنیا کے سامنے آئے گا بلکہ ہمارا امن کا پیغام بھی دنیا تک جائے گا اس ریس میں نہ صرف سندھ یا ملک سے بلکہ یورپ، جاپان ، افریقہ، اٹلی، شام و دیگر ممالک سے بھی ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں جن کی رہائش کھانا پینا تک ہر سہولت مفت کی گئی ہے،
ان کا کہنا تھا کہ یہ سکھر اور سندھ کی بڑی خوش قسمتی ہے کہ یہ ایونٹ یہاں ہو رہا ہے اور اب اس علاقے کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں، وہ جو اس میراتھن میں حصہ لیں یا نہ لیں لیکن اس کو پروموٹ ضرور کریں ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں بیرون ملک سے کھلاڑیوں کی شرکت دنیا کے پاکستان پر اعتماد کا ثبوت ہے اور اس ایونٹ سے کھیلوں اور ثقافت کو فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں اور ٹریک کے قریب رہ کر اس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔








