"گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔”
گورنرفیصل کریم کنڈی کی سوات میں پولیس اسٹیشن کے مین گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت
پشاور۔ 02 اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مین گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونے والے اہلکاروں اور دیگر افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس کو نشانہ بنانے والے امن دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،پوری قوم اپنے بہادر پولیس اہلکاروں اور افواجِ پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، جو اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن کے قیام کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور نہ ہی امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب ہوں گے۔ گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔









