عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین کی زیرِ صدارت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا
سیالکوٹ،عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی زیرِ صدارت آگاہی واک کا انعقاد
سیالکوٹ۔ 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین کی زیرِ صدارت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں محکمہ تحفظ ماحولیات، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں اور ان کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ درختوں کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہر شہری اگر اپنے حصے کا ایک درخت بھی لگائے اور اس کی نگہداشت کرے تو ماحول کو بہتر بنانے اور آلودگی میں کمی لانے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس، ڈائریکٹر پی ایچ اے محبوب الٰہی کھر، انسپکٹر ماحولیات شاہد ڈوگر، ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں، محکمہ تحفظ ماحولیات کے عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔بعد ازاں عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں پودے لگائے اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ، شجرکاری اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سرسبز اور صاف ماحول ہی آنے والی نسلوں کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔









