سیالکوٹ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جدید، ماحول دوست اور آرام دہ الیکٹرو بس سروس کا آغاز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے سیالکوٹ سمیت مری، چنیوٹ، لیہ اور اوکاڑہ میں الیکٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ سیالکوٹ میں اس تقریب میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ، وفاقی وزیر مملکت برائے ترقی و منصوبہ بندی ارمغان سبحانی، وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، اراکینِ اسمبلی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر معززین نے شرکت کی

سیالکوٹ۔ 16 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے سیالکوٹ سمیت مری، چنیوٹ، لیہ اور اوکاڑہ میں الیکٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ سیالکوٹ میں اس تقریب میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ، وفاقی وزیر مملکت برائے ترقی و منصوبہ بندی ارمغان سبحانی، وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، اراکینِ اسمبلی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر معززین نے شرکت کی، جبکہ بعد ازاں الیکٹرو بس کی ٹیسٹ رائیڈ بھی کی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جدید، ماحول دوست اور آرام دہ الیکٹرو بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ کے لئے یہ ایک تاریخی دن ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام منصوبوں کا محور عوامی فلاح ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں مرحلہ وار 45 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جن میں ابتدائی طور پر 6 بسیں سیالکوٹ سے پسرور جبکہ 4 بسیں سیالکوٹ سے ڈسکہ روٹ پر عوام کو سفری سہولت فراہم کریں گی۔وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا انقلاب برپا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں اس معیار کی سفری سہولت کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ الیکٹرو بسیں پائیدار ماڈل کے تحت چلائی جا رہی ہیں اور ان کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے بھی باقاعدہ نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مستقل بنیادوں پر معیاری سفری سہولت میسر آ سکے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزراء، اراکینِ پارلیمنٹ اور متعلقہ افسران نے سیالکوٹ میں الیکٹرو بس کی ٹیسٹ رائیڈ کی اور اس منصوبے کو شہریوں کے لیے ایک اہم عوامی سہولت قرار دیا۔