پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر نوجوانوں میں ایمرجنسی سیفٹی، فرسٹ ایڈ، ریسکیو ٹریننگ اور معاشرتی ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی پروگرامز اور خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا
سیالکوٹ، عالمی یومِ نوجوانان پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام آگاہی پروگرامز کا انعقاد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 12 اگست (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر نوجوانوں میں ایمرجنسی سیفٹی، فرسٹ ایڈ، ریسکیو ٹریننگ اور معاشرتی ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی پروگرامز اور خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیالکوٹ انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں ضلع سیالکوٹ کی تمام تحصیلوں میں آگاہی واکس، معلوماتی بوتھ اور ریسکیو آگاہی کیمپس قائم کیے گئے۔ مختلف یونیورسٹیوں، کالجز اور تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی کیمپس کے ذریعے نوجوانوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے عملی و معلوماتی آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر نوجوانوں کو Rescue Scout App کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی دی گئی اور انہیں ریسکیو اسکاؤٹس کے طور پر رجسٹریشن، تربیت اور کمیونٹی سیفٹی پروگرامز میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی گئی۔ شرکاء میں ریسکیو ٹریننگ، فرسٹ ایڈ، فائر سیفٹی، روڈ سیفٹی اور ہنگامی حالات میں مؤثر کردار ادا کرنے سے متعلق معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ تمام تحصیلوں کے انچارجز نے ریسکیو اسکاؤٹس اور نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشستیں کیں اور انہیں ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی پروگرامز کا حصہ بننے کی دعوت دی۔
نوجوانوں کو بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ابتدائی طبی امداد اور درست طریقۂ کار کے مطابق ریسپانس قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ریسکیو اسکاؤٹس کو سنٹرل ریسکیو اسٹیشن سیالکوٹ میں مدعو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی اور اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر نوجوان محفوظ، باصلاحیت اور تربیت یافتہ ہوں تو معاشرہ اور ملک زیادہ بہتر انداز میں ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر ملک و قوم کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے اردگرد موجود افراد کو بھی ایمرجنسی سیفٹی اور فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔ انجینئر نوید اقبال نے مزید کہا کہ ریسکیو اسکاؤٹس کا مقصد نوجوانوں کو صرف ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں ذمہ دار، باشعور اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شہری بنانا بھی ہے۔ یہ اقدام سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کے ویژن کے مطابق معاشرے کو محفوظ بنانے اور عوام کو ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس مشن کا اہم حصہ ہیں اور ان کی بھرپور شمولیت سے محفوظ، ذمہ دار اور باصلاحیت معاشرے کے قیام کی کوششوں کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔







