صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا جاری ہاؤسنگ سکیموں کی بروقت تکمیل و بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت بدھ کے روز ہاؤسنگ کمیٹی روم میں صوبہ بھر میں جاری ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا

پشاور۔ 12 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت بدھ کے روز ہاؤسنگ کمیٹی روم میں صوبہ بھر میں جاری ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ کے اعلیٰ حکام نے صوبائی وزیر کو مختلف ہاؤسنگ سکیموں پر جاری ترقیاتی کاموں اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں نیو پشاور ویلی، ہنگو ٹاؤن شپ، جلوزئی ہاؤسنگ سکیم، نیو میگا سٹی نوشہرہ، ہائی رائز فلیٹس حیات آباد، جرمہ ہاؤسنگ سکیم، ورسک ون پشاور، دنگرام ہاؤسنگ سکیم سوات سمیت دیگر جاری تعمیراتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے ہدایت کی کہ نیو شاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کے تعمیراتی کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں اور اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ مؤثر نگرانی یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہنگو ٹاؤن شپ میں تعمیراتی کام بھی جنگی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صوبہ بھر کی تمام ہاؤسنگ سکیموں میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور بہتر رہائشی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے نیو میگا سٹی نوشہرہ کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہترین اور معیاری ہاؤسنگ سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ہاؤسنگ سکیموں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اجلاس میں سیکرٹری ہاوسنگ محمد انور خان،ڈی جی ہاوسنگ زاہد خان،ڈائریکٹر ایڈمن امان الحق،پراجیکٹ ڈائریکٹر نیو پشاور ویلی عبدالودود شاہ،یعقوب خان ڈائریکٹر پلاننگ ،عامر زیب ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل،ڈائریکٹر لیگل جوہر اعجاز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں