صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان کے لیبیا کے لیے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) ممتاز حسین کی ملاقات

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں پاکستان کے لیبیا کے لیے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) ممتاز حسین سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان اور لیبیا کے درمیان اعلیٰ سطح کے سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی، تجارتی و سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دینے کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں پاکستان کے لیبیا کے لیے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) ممتاز حسین سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان اور لیبیا کے درمیان اعلیٰ سطح کے سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی، تجارتی و سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دینے کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے میجر جنرل (ر) ممتاز حسین کو سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان لیبیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ ایمان، باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ انہوں نے دفاع، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی گنجائش پر زور دیا۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان لیبیا کی خودمختاری، اتحاد، علاقائی سالمیت اور دیرپا امن، استحکام اور قومی مفاہمت کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ لیبیا میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔

صدر نے فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور دیگر کثیرالجہتی فورمز میں لیبیا کے ساتھ مسلسل تعاون کی امید بھی ظاہر کی۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کے لیے کامیاب اور نتیجہ خیز سفارتی مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ لیبیا کی قیادت اور عوام کے لیے ان کی جانب سے پرتپاک خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔میجر جنرل (ر) ممتاز حسین نے کہا کہ بطور سفیر ان کی ترجیح لیبیا میں پاکستانی کمیونٹی سے متعلق امور پر کام کرنا اور پاکستان اور لیبیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا اور اس میں اضافہ کرنا ہوگی۔

 

مزید خبریں