پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے نیویارک میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ، ترقی اور مستقبل کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید محسن گیلانی کی فیفا کے صدر سے ملاقات، پاکستان میں فٹبال کے فروغ بارے تبادلہ خیال

مزید خبریں
لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے نیویارک میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ، ترقی اور مستقبل کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایف ایف ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران جیانی انفینٹینو نے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے سید محسن گیلانی کے ویژن کو سراہا اور فیفا کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فیفا صدر نے کہا کہ وہ فیفا ایرینا کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔جیانی انفینٹینو نے سید محسن گیلانی کی جانب سے گزشتہ 15 ماہ کے دوران اٹھائے گئے اقدامات اور اس عرصے میں پاکستان کی قومی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر زور دیا کہ وہ اپنے آئین میں ایسی ترامیم کرے جن سے اس کے قوانین فیفا اور اے ایف سی کے قوانین سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ملاقات میں پاکستان میں فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، نوجوانوں کو کھیل کے زیادہ مواقع فراہم کرنے، گراس روٹ پروگرامز، یوتھ ڈویلپمنٹ، ٹیلنٹ کی تلاش اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی مواقع پیدا کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔سید محسن گیلانی نے فیفا کی جانب سے اعتماد اور تعاون پر جیانی انفینٹینو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی کی حمایت سے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے پی ایف ایف کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستان کے ہر حصے تک فٹبال کو پہنچانا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے ایسا راستہ بنانا ہے جس کے ذریعے وہ اعلی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔جیانی انفینٹینو نے پاکستان فٹبال فیڈریشن اور قومی ٹیم کے لیے جاری فیفا آسیان کپ 2026 کے حوالے سے نیک خواہشات جبکہ آئندہ فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اور فیسٹیول 2026 کے حوالے سے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔







