سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری امداد فراہم کی جائے، سینیٹر پلوشہ خان کی پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی ہمایوں خان اور پیپلز پارٹی رہنما سید محمد علی باچا خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے عوام پریشان ہیں، سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ …

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی ہمایوں خان اور پیپلز پارٹی رہنما سید محمد علی باچا خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے عوام پریشان ہیں، سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری امداد فراہم کی جائے، ماضی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے رمضان پیکج بھی تقسیم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ ہمایوں خان نے کہا کہ صدرمملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ٹیم کے ہمراہ دس روزہ دور ے پر چین گئے،اس دوران پاکستان اور چین کے درمیان 6 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، اس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، ہم چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ، پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔

ہمایوں خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے، ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے مطالبات سنے بھی اور پورے بھی کیے، ہم نے حکومت کو مشورہ دیا کہ سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری ریلیف دیا جائے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے آپ کے پاس ڈیٹا موجود ہے، ہمارا مقصد متاثرین کو فوری ریلیف دلوانا ہے، حکومت کو چاہیے کہ کسانوں کو سہولیات فراہم کرے ، کسان خوشحال ہو گا تو ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث پورے کے پورے گاؤں مٹ چکے ہیں، ایک ایک گاؤں میں سینکڑوں افراد کی اموات ہوئیں۔محمد علی باچا نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ سندھ حکومت، بلوچستان حکومت اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد کی جانب سے سیلاب متاثرین کو امداد ملی، پی پی پی ہر عوامی اور فلاحی کاموں میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔

 

مزید خبریں