سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفرالحق سے مصر کے رکن پارلیمنٹ احمد عبدالحادی اور سفیرکی ملاقات

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ مصر قدیم ثقافت، تہذیب و تمدن اور علم کا گہوارہ رہا ہے ، آج بھی دنیا کیلئے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مصر کے رکن پارلیمنٹ احمد عبدالحادی الا قاسبی اور مصر کے سفیر احمد محمد فاضل یعقوب سے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کے دوران …

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ مصر قدیم ثقافت، تہذیب و تمدن اور علم کا گہوارہ رہا ہے ، آج بھی دنیا کیلئے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مصر کے رکن پارلیمنٹ احمد عبدالحادی الا قاسبی اور مصر کے سفیر احمد محمد فاضل یعقوب سے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نے مصر کی پارلیمنٹ کے رکن اور سفیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کی بنیاد مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی مماثلتوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے عوام انتہائی پر امن اور مہذب ہیں ، یہ بات انتہائی خوش آئندہ ہے کہ مصر میں سیاسی صورتحال میں استحکام آرہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمانی سفارتکاری کو بروئے کار لاتے ہوئے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور عوامی سطح پر روابط کے استحکام کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔اس موقع پر سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے 1985-87ءتک بطور سفیر مصر میں قیام کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ پاکستان اور مصر بھائی چارے اور احترام رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ مصر کے رکن پارلیمنٹ نے سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق کو اپنے دورے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگا ہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مصر میں سیاسی اور اقتصادی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی اصلاحاتی عمل کے تحت قانون سازی اور دیگر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے ادارہ جاتی تعاون اور روابط کے استحکام پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کی سینیٹ اور مصر کی پارلیمان میں وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش رکھتا ہے۔ملاقات میں پارلیمانی نظام کار اور کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مصر کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ خطے اور عالمی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ مل جل کر مسائل کا حل تلاش کیا جائے جبکہ تجارتی حجم بڑھانے اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق کو وفد کے ہمراہ مصر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ مصر کے سفیر نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں سے ان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے مصر کے رکن پارلیمنٹ کو کشمیری شال کا تحفہ بھی دیا۔