اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سینیٹ کے ریکوزیشن کیے گئے اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ اجلاس کے انعقاد کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں کیونکہ یہ اجلاس ایسے …
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس، ایوان کے ریکوزیشن کیے گئے اجلاس کے انعقاد پر پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سینیٹ کے ریکوزیشن کیے گئے اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ اجلاس کے انعقاد کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں کیونکہ یہ اجلاس ایسے موقع پر منعقد ہونے جارہا ہے جبکہ پاکستان سمیت عالمی سطح پر کورونا وائرس کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے اقتصادی اور سماجی سطح پر نظام زندگی کو بری طرح سے متاثر کیا ہے اور معیشتیں مشکلات کا شکار ہیں۔ اجلاس کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ سینیٹ ہال کے اندر سماجی فاصلے کے ایس او پیز کے تحت انتظامات کیے گئے ہیں اور اس مقصد کیلئے گیلریز کا بھی استعمال کیا جائے گا جس میں اراکین سینیٹ کیلئے نشستیں مختص کی جائیں گی تاکہ سماجی فاصلے کے ایس او پیز کے تحت وہ ایوان کی کارروائی میں حصہ لے سکیں۔ سینیٹ اجلاس کے روزانہ کے دورانیے کے بارے میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چونکہ ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے لہذا یہ کوشش ہو گی کہ سیشن دو گھنٹے سے زیادہ نہ ہو جبکہ سینیٹ کا اجلاس ایک ہفتے پر محیط ہو گا۔سینیٹ قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے سینیٹ اجلاس کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ضروری نہیں کہ تمام اراکین بیک وقت سینیٹ اجلاس میں شریک ہوں اور اس حوالے سے تمام پارلیمانی لیڈران اپنی اپنی پارٹیوں کے اراکین سینیٹ کی مرحلہ وار شرکت کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔اس موقع یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کا کم سے کم ممکنہ سٹاف اجلاس کے دوران دفتر آئے گا اور اس کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ یہی اتفاق ہوا ہے کہ سماجی فاصلے کا برقرار رکھنے کیلئے ممکن حد تک کم از کم میڈیا سے وابستہ افراد اجلاس کی کارروائی کی کوریج کیلئے آئیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی بھی جگہ اجتماع نہ ہونے پائے۔اجلاس میں وزیر اطلاعات و سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹر وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنڑول اعظم سواتی، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے علاوہ سینیٹرز انوار الحق کاکڑ، اورنگزیب خان اورکزئی، سجاد حسین طوری، مشاہد اللہ خان، ستارہ ایاز، بیر سٹر محمد علی سیف پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرسلیم مانڈوی والا، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اور سینیٹرز مولانا عبدالغفور حیدری، محمد عثمان خان کاکڑ، میر حاصل بزنجو، ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی، سراج الحق اور شیری رحمان نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔







