سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ کا انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وزارت تجارت بھرپور مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آئی پی او پاکستان ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر آئی پی او پاکستان کے چیئرمین مجیب احمد خان نے سیکرٹری تجارت کو …

اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وزارت تجارت بھرپور مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آئی پی او پاکستان ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر آئی پی او پاکستان کے چیئرمین مجیب احمد خان نے سیکرٹری تجارت کو آئی پی او کی طرف سے آئندہ تین سال کے دوران اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق روڈ میپ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ مارک اور کاپی رائٹس سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں سے تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس حوالہ سے مختلف بین الاقوامی آرگنائزیشنز کے ساتھ معاہدے بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات سے ملک میں حقوق دانش ٹریڈ مارک کے قوانین کے نفاذ میں مدد ملے گی اور شہریوں کو ٹریڈ مارک اور کاپی رائٹس سے متعلق معلومات اور آگاہی فراہم کرکے مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر آئی پی او پاکستان کے ڈی جی محمد عرفان تارڑ نے آئی پی او پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور رجسٹریشن سمیت مختلف امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے آئی پی او پاکستان کی طرف سے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹریشن کے امور کی انجام دہی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے شفافیت کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر کامرس ڈویژن اور آئی پی او پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔