سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرنے والی بنیادی بجٹ ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ،ٹیم ارکان کی خدمات کی تحسین

سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرنے والی بنیادی بجٹ ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ،ٹیم ارکان کی خدمات کی تحسین

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری خزانہ امداداللہ بوسال اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشدمحمودلنگڑیال نے بجٹ ٹیم کو عوام دوست اور معاشی نمو پر مبنی بجٹ کی کامیاب تیاری پر مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے یہ مبارکباد پیرکویہاں وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرنے والی بنیادی بجٹ ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر پیش کی۔

تقریب میں ایف بی آر کے بورڈ ممبران اور وزارت خزانہ و ایف بی آر کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر نے بجٹ ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت، غیر معمولی عزم اور انتھک محنت کو سراہا جن کی بدولت ایک ایسا بجٹ مرتب کیا گیا جو معاشی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عام شہری کو ریلیف فراہم کرنے کے وژن کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو انتظامیہ، ٹیکس پالیسی آفس، مختلف وزارتوں کے درمیان رابطہ کاری، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں اور صوبائی حکومتوں سمیت متعدد فریقین کی شمولیت کے باعث وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری ایک نہایت پیچیدہ اور ہمہ جہت عمل تھا تاہم اس پورے عمل کی سب سے قابل تحسین بات یہ رہی کہ بجٹ کے ابتدائی تصور میں شامل تمام اقدامات مکمل طور پر کامیابی کے ساتھ عملی شکل اختیار کر گئے جبکہ ایف بی آر اور ٹیکس پالیسی آفس کے درمیان مشترکہ ورک اسٹریم نے پورے بجٹ عمل کے دوران مثالی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کا مظاہرہ کیا۔

سیکریٹری خزانہ امداداللہ بوسال نے بھی بجٹ ٹیم کو عوام دوست اور معاشی نمو پر مبنی بجٹ کی کامیاب تیاری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بجٹ کی کامیابی کا اصل پیمانہ صرف موثر پالیسی سازی نہیں بلکہ مختلف اداروں پر مشتمل ایک بڑی ٹیم کو یکسوئی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھانے کی صلاحیت ہوتی ہے اور اس ٹیم نے اس معیار کو بھرپور انداز میں ثابت کیا ہے۔ تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ چیئرمین ایف بی آر اور سیکریٹری خزانہ نے انفرادی طور پر مختلف افسران کی خدمات کو نام لے کر خراج تحسین پیش کیا۔ ممبر سٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حمید عتیق سرور کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں اور دیگر اہم فورمز پر پورے بجٹ عمل کی غیر معمولی قیادت پر سراہا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس ڈاکٹر نجیب میمن کو جاری آئی ایم ایف پروگرام کی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات پر ابتدائی مکالمے کا آغاز کرنے اور پاکستان کی معاشی بہتری اور طویل المدتی ترقی کے لیے ان اقدامات کی ضرورت کے حق میں موثر اور مسلسل دلائل پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ممبر کسٹمز پالیسی اشد جاوید کو کسٹمز بجٹ کی تیاری اور مذاکرات کی مکمل ذمہ داری تنہا سنبھالنے اور اسے نہایت مہارت سے انجام دینے پر سراہا گیا۔ ممبر ایڈمنسٹریشن محمد اقبال خان کو بجٹ سازی کے پورے عمل کے دوران فراہم کی گئی ناگزیر انتظامی اور لاجسٹک معاونت پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

بجٹ ٹیم کے ورکنگ سیشنز کے موثر انتظامات سے لے کر بجٹ دستاویزات کی طباعت اور بروقت ترسیل تک، ان کی پس پردہ خدمات نے پوری ٹیم کو اپنی ذمہ داریوں پر مکمل توجہ مرکوز رکھنے کا موقع فراہم کیا۔ ٹیکس پالیسی آفس کے ڈائریکٹرز اعجاز حسین اور چوہدری منیر احمد کی مسلسل محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کو بھی سراہا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹی ڈی یو ڈاکٹر نجیب اللہ کو بجٹ سازی کے دوران غیر معمولی محنت، غیر متزلزل وابستگی، فکری گہرائی اور اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مظاہرے پر خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ممبر سٹریٹجک ٹرانسفارمیشن کی سپیشل اسسٹنٹ ڈاکٹر زہرہ فاروق کو پورے بجٹ سائیکل کے دوران مسلسل محنت، مستقل مزاجی اور بالخصوص تکنیکی و شواہد پر مبنی پالیسی بریفس اور تحقیقی کام پر سراہا گیا۔ آخر میں ممبر پالیسی کے سپیشل اسسٹنٹ علی عباس کو بجٹ دستاویز کے نگران کی حیثیت سے ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انہیں فنانس بل کی قانونی مسودہ سازی اور بجٹ کے مختلف شراکت داروں کی جانب سے موصول ہونے والے تمام مواد کو یکجا کر کے ایک جامع، مربوط اور مکمل دستاویز کی شکل دینے میں ان کی غیر معمولی محنت پر خصوصی طور پر سراہا گیا۔

مزید خبریں