سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات بابر خان کی زیرِ صدارت ڈیپارٹمنٹل سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری محکمہ مواصلات بابر خان کی زیرِ صدارت ڈیپارٹمنٹل سب کمیٹی کااجلاس

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات بابر خان کی زیرِ صدارت ڈیپارٹمنٹل سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف انجینئر نصیر آباد زون محمد بشیر ناصرچیف انجینئر قلات و خضدار زون عزیز اللہ خان کاسی چیف انجینئر لورالائی و ڑوب زون قاضی نورالحق ٹیکنیکل ایڈوائزر احسان اللہ خان دوتانی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پی اینڈ ڈی کے حکام اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت مختلف سڑکوں سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا ،متعلقہ حکام نے منصوبوں کی فزیبلٹی، تخمینہ لاگت ،تکنیکی پہلوؤں اور مجوزہ مدتِ تکمیل کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈیپارٹمنٹل سب کمیٹی نے مختلف نئے روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق متعدد سکیموں کی منظوری کی سفارش بھی کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منظور شدہ منصوبوں پر جلد از جلد عملی کام کے آغاز کے لیے تمام قانونی ،انتظامی اور تکنیکی تقاضے بروقت مکمل کئے جائیں گے ۔اس موقع پر سیکرٹری بابر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ،معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی نگرانی اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔








