سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب نے جامعہ خاتم النبیین سے تین اعلی سطحی اتحاد بین المسلمین امن وفود کو رخصت کیا ،ترجمان
سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب نے جامعہ خاتم النبیین سے تین اعلی سطحی اتحاد بین المسلمین امن وفود کو رخصت کیا ،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔1جون (اے پی پی):سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیےجامعہ خاتم النبیین (قرآن بورڈ) سے تین اعلی سطحی اتحاد بین المسلمین امن وفود کو باقاعدہ طور پر رخصت کیا، جن میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے 70 سے زائد علما کرام شامل ہیں تاکہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مشترکہ امن و سکیورٹی اجلاس منعقد کیے جا سکیں۔
ترجمان محکمہ اوقاف کے مطابق انہوں نے اپنے وژن کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام سے قبل کے یہ دورے ’’دورہ علما کرام برائے محرم 2026‘‘ کی پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا، بین المذاہب رواداری قائم کرنا اور صوبائی امن کو سبوتاژ کرنے والے شرپسند عناصر کو ناکام بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق ان وفود میں گروپ ون کی قیادت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد (جو ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کا دورہ کر رہے ہیں)، گروپ ٹو کی قیادت مولانا مختار احمد ندیم (جو فیصل آباد اور سرگودھا کا دورہ کر رہے ہیں) اور گروپ تھری کی قیادت ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری (جو گوجرانوالہ اور راولپنڈی کا دورہ کر رہے ہیں) کر رہے ہیں، جو متحرک کیے گئے ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کے ساتھ مل کر تقریباً 200 علاقائی علما کرام کے ساتھ اجلاس کریں گے۔ اس الوداعی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل (مذہبی امور) حافظ انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ عبدالرف، محکمہ داخلہ کے نمائندہ ڈاکٹر احمد خاور شہزاد اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شاکر سندھو نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلعی انتظامیہ کی مکمل لاجسٹک تیاریوں کا اعادہ کیا اور واضح کیا کہ سخت انتظامی نگرانی اور باہمی تعاون کے ذریعے پرامن ماحول کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ عبدالرئوف نے وفود کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مولانا مختار احمد ندیم اور مفتی انتخاب احمد نوری نے علما کرام کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتے ہوئےعہد کیا کہ یہ وفود دورے کے دوران اختلافات کو ختم کرنے، رواداری کو فروغ دینے اور فرقہ وارانہ انتشار کے خلاف ایک متحدہ محاذ قائم کرنے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے تاکہ محرم الحرام کے دوران پورے صوبے میں مثالی امن و امان برقرار رہے۔








