سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پیر کو تھانہ سربند، چوکی منظور شہید، باڑہ قدیم چیک پوسٹ اور چوکی ریاض شہید کا اچانک دورہ کیا۔
سی سی پی او پشاور کا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر چوکی منظور شہید کے اہلکاروں کو خراج تحسین

مزید خبریں
پشاور۔ 20 جولائی (اے پی پی):سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پیر کو تھانہ سربند، چوکی منظور شہید، باڑہ قدیم چیک پوسٹ اور چوکی ریاض شہید کا اچانک دورہ کیا۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق سرحدی و مضافاتی علاقہ میں واقع چوکی منظور شہید کے پولیس اہلکاروں نے گزشتہ شب دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ کو ناکام بنا دیا تھا ، جس پر سی سی پی او نے اہلکاروں کی بہادری، مستعدی اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات دیئے اور کہا کہ فرنٹ لائن پر فرائض انجام دینے والے اہلکار محکمہ پولیس کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔دورے کے دوران سی سی پی او نے تھانہ اور چوکیوں میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات، ڈیوٹی، الرٹ نیس، ریکارڈ و رپورٹنگ، حوالات، مالخانہ، سرکاری اسلحہ، تکمیلات، پولیس اہلکاروں کی رہائش، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ریکارڈ کی بروقت تکمیل، نظم و ضبط، صفائی اور سرکاری املاک کی حفاظت ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں، داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کریں، مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ عوامی خدمت، قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ تھانوں اورچوکیوں میں آنے والے ہر سائل کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور بروقت قانونی داد رسی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔سی سی پی او نے ہدایت کی کہ تمام افسران و اہلکار ڈیوٹی کے دوران نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔








