سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ، سپیکر قومی اسمبلی کا ایس ڈی جیز ترقیاتی اہداف پر 2022 رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک کی پائیدار ترقی کے عالمی اہداف ایس ڈی جیز کے حصول میں معاون ثابت ہو گا۔وہ منگل کو چائینیز سی پیک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایس ڈی جیز ترقیاتی اہداف پر 2022 رپورٹ کے اجراء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم سٹریٹجک منصوبہ ہے،آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ رپورٹ 2022 کے اجراء کے موقع پر تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں پائیدار ترقی کے اہداف کے نفاذ میں سی پیک کے تعاون کا احاطہ کیا گیا ہے۔پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے، تقریب کے شرکا اور چین اور پاکستان کی جانب سے سی پیک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے کیلئے کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔سی پیک منصوبہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔سی پیک ون بیلٹ اینڈ ون روڈ منصوبہ کا پائلٹ پروجیکٹ ہے۔چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

سی پیک منصوبہ تمام شعبوں میں نئی جدت لائے گا۔ون بیلٹ اینڈ ون روڈ منصوبہ خطے کی ترقی کو فروغ دینے میں اہم پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ سی پیک کو پاکستان اور چین کے تمام شعبوں کی طرف سے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں، کاروباری اداروں اور معاشرے کے دیگر شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے سی پیک منصوبہ اپنی تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے ۔چین اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے چیلنج پر قابو پایا۔

سپیکر نے سی پیک منصوبے پر کام کرنے والوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ سی پیک پر کام کرنے والے چینی اور پاکستانی کارکنوں کی مشترکہ کوششوں سے اس منصوبےکو عملی جامہ پہنانا ممکن ہوا، سی پیک منصوبہ روڈ انیشیٹو تعاون کے علاوہ صحت ،بحالی اور ترقی کا منصوبہ ہے۔