سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات انتہائی منفرد ، دوطرفہ جیت کا عنصر شامل ہو تو ناکامی کے امکانات کم ہوجاتے ہیں، حسن دائودبٹ

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):سرمایہ کاری بورڈ خیبرپختونخوا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر وسینئر ایڈوائزر انرجی چائنہ اور سابق سی پیک پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات انتہائی منفرد ہیں ، جب کسی بھی تعلقات میں دوطرفہ جیت کا عنصر شامل ہو تو اس میں ناکامی کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار …

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):سرمایہ کاری بورڈ خیبرپختونخوا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر وسینئر ایڈوائزر انرجی چائنہ اور سابق سی پیک پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات انتہائی منفرد ہیں ، جب کسی بھی تعلقات میں دوطرفہ جیت کا عنصر شامل ہو تو اس میں ناکامی کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے حالات سے قطع نظر دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات انتہائی مضبوط اورخوشگوار رہے ہیں اور دونوں ممالک کی خواہش ہے کہ ایک دوسرے کو مضبو ط کیا جائے۔ حسن داؤد بٹ نے کہا کہ سی پیک کےتحت پاکستان بھر میں طویل المدتی اور وسط المدتی منصوبوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، دونوں ممالک نے سی پیک کے تحت ایک دوسرے کے تجربات سے بہت استفادہ کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سی پیک کے ثمرات سامنے آئیں گے کیونکہ اس کا مقصد یہی ہے کہ دونوں ممالک معاشی طور پر مضبوط ہوں اور علاقائی سطح پر ایک دوسرے سے منسلک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مضبوط دوست ہیں ،ان کے معاشی تعلقات مضبوط ہورہے اور دوطرفہ عوامی روابط بھی فروغ پارہے ہیں۔ حسن داؤد بٹ نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ 2030ء تک جاری رہے گا جس کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور توانائی کے منصوبوں پر کام کیا گیا

دوسرے مرحلے میں زراعت اور سماجی بہبود کے علاوہ مختلف اقتصادی زونز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، سی پیک کے تحت ملک بھر میں اقتصاد ی زونز کی تعمیر 2025ء تک مکمل کر لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت علاقائی روابط پر کام جاری ہے اور اس حوالے سے افغانستان پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستر ہزار سے زائد پاکستانی سی پیک کے مختلف منصوبوں میں کام کررہے ہیں جس کی تکمیل پر ملک بھر میں ملازمتوں کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔