سی پیک 2.0 کے تحت صنعتی تعاون، برآمدات کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے جمعہ کو اجلاس میں سی پیک فیز۔II کے تحت صنعتی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) پر مبنی صنعتی ترقی، پاکستان۔چین صنعتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز۔II میں …

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے جمعہ کو اجلاس میں سی پیک فیز۔II کے تحت صنعتی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) پر مبنی صنعتی ترقی، پاکستان۔چین صنعتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز۔II میں پاکستان۔چین B2B تعاون کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جس کے ذریعے صنعتی پیداوار، برآمدات میں اضافہ اور ٹیکنالوجی منتقلی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری بورڈ سی پیک صنعتی تعاون کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ (JWG) کا پاکستانی لیڈ ادارہ ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خصوصی اقتصادی زونز کی تعداد 7 سے بڑھ کر 44 ہو چکی ہے، جو ملک بھر میں صنعتی سرگرمیوں کے پھیلاؤ کا مظہر ہے۔ وفاقی وزیر کو کراچی انڈسٹریل پارک اور گلگت بلتستان میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ لینڈ لیز پالیسی (BQIP) کی منظوری سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جس سے صنعتی منصوبوں کی رفتار تیز ہوگی اور کاروباری لاگت میں کمی آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ستمبر 2025 میں پاکستان۔چین B2B کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں 160 سے زائد سرمایہ کاری معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

یہ پیش رفت سی پیک 2.0 کے تحت صنعتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک 2.0 کے تحت صنعتی تعاون، برآمدات کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔