ڈھاکہ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) شائی ہوپ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر جاندار کم بیک کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، کالی آندھی نے 256 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کیا، …
شائی ہوپ کی ناقابل شکست سنچری، کالی آندھی کا بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹوں سے ہرا کر جاندار کم بیک

مزید خبریں
ڈھاکہ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) شائی ہوپ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر جاندار کم بیک کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، کالی آندھی نے 256 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کیا، شائی ہوپ بنگلہ دیشی باﺅلرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 146 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر میزبان ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، تمیم، شکیب اور مشفق کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، شائی ہوپ کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ منگل کو کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈین قائد روومان پاویل نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور تمیم اقبال نے شاندار نصف سنچریاں سکور بنا کر باﺅلرز کو فائٹنگ ٹوٹل فراہم کیا، شکیب 65، مشفق 62 اور تمیم 50 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، محموداللہ 30، لٹن داس 8، سومیا سرکار 6 اور امرالقیس بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، کپتان مشرفی مرتضیٰ 6 اور مہدی حسن میراز 10 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، اوشین تھامس نے 3، کیمر روچ، کیموپال، دیوندرا بیشو اور روومان پاویل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کیا، 5 کے سکور پر کالی آندھی کو ہمراج کا نقصان اٹھانا پڑا جو 3 رنز بنا سکے، اس موقع پر شائی ہوپ نے ڈیرن براوو کے ساتھ مل کر سکور 70 تک پہنچا دیا، یہاں پر روبیل حسین نے براوو کو آﺅٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 27 رنز بنائے، مارلون سیموئلز بھی زیادہ دیر تک ہوپ کا ساتھ نہ دے سکے اور 26 رنز بنانے کے بعد مستفیض کی گیند کا نشانہ بنے، شمرون ہٹمائر 14 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں روبیل نے آﺅٹ کیا، کپتان روومان پاویل ایک رن بنا کر مشرفی کی گیند کا شکار بنے، روسٹن چیس 9 رنز بنا سکے، 185 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد کیموپال نے ہوپ کا ساتھ دیا، دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 71 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، ہوپ 146 اور پال 18 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، مستفیض اور روبیل حسین نے دو، دو مہدی حسن اور مشرفی نے ایک، ایک وکٹ لی۔








