ریاض۔13جنوری (اے پی پی):سعودی وزارتِ تجارت نے کمرشل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اسمائے ربانی اور لفظ الجلالہ کو شاپنگ بیگز یا پیکنگ کے ڈبوں وغیرہ پر پرنٹ نہ کرایا جائے۔ اردو نیوز کے مطابق ترجمان وزارتِ تجارت عبدالرحمان الحسین نے اپنے ایکس اکاونٹ پرکہا کہ اسمائے ربانی کو ایسے بیگز یا ڈبوں پر لکھنے سے صارفین ان بیگز یا پیکنگ میٹریل کی حفاظت نہیں کرسکتے جس سے بے …
شاپنگ بیگز یا پیکنگ میٹریل پر اسمائے ربانی پرنٹ نہ کیے جائیں،سعودی وزارتِ تجارت کی کمرشل اداروں کو ہدایت

مزید خبریں
ریاض۔13جنوری (اے پی پی):سعودی وزارتِ تجارت نے کمرشل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اسمائے ربانی اور لفظ الجلالہ کو شاپنگ بیگز یا پیکنگ کے ڈبوں وغیرہ پر پرنٹ نہ کرایا جائے۔ اردو نیوز کے مطابق ترجمان وزارتِ تجارت عبدالرحمان الحسین نے اپنے ایکس اکاونٹ پرکہا کہ اسمائے ربانی کو ایسے بیگز یا ڈبوں پر لکھنے سے صارفین ان بیگز یا پیکنگ میٹریل کی حفاظت نہیں کرسکتے جس سے بے حرمتی کا امکان ہوتا ہے۔
وزارت نے کہا کہ سرکاری اداروں کے نام مثال کے طور پر وزارت تجارت، وزارت سرمایہ کاری وغیرہ بھی نجی سطح پر استعمال نہیں کیے جاسکتے۔ وزارت کی جانب سے تجارتی ناموں کی رجسٹریشن کے ضوابط میں بتایا گیا تھا کہ سرکاری پلیٹ فارم جن میں ابشر، توکلنا، نسک، وژن 2030 وغیرہ ہیں بھی استعمال نہیں کیے جاسکتے۔
سرکاری وعسکری عہدے یا انٹرنیشنل اداروں کے مخفف نام بھی کمرشل اداروں کےلئے استعمال کرنے پر پابندی ہے جبکہ شاہی القابات بھی نجی اداروں میں استعمال کرنا منع ہیں۔ واضح رہے کہ وزارت تجارت نےگزشتہ ماہ تجارتی ناموں کی رجسٹریشن کے حوالے سے ضوابط جاری کیے تھے جس میں وضاحت کی گئی تھی کہ اسمائے ربانی کو تجارتی سرگرمیوں میں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔








