شاہ سلمان مرکز سے نیا امدادی قافلہ غزہ روانہ، فلسطینی شہریوں کے لیے بڑی تعداد میں خیمے شامل ہیں

سعودی عرب کے امدادی ادارے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ایچ آر سی )نے فلسطینی عوام کی سپورٹ کےلیے جاری مہم کے ایک حصے کے طور پر نیا امدادی قافلہ غزہ بھیجا ہے جس میں بڑی تعداد میں خیمے شامل ہیں

غزہ۔20ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے امدادی ادارے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ایچ آر سی )نے فلسطینی عوام کی سپورٹ کےلیے جاری مہم کے ایک حصے کے طور پر نیا امدادی قافلہ غزہ بھیجا ہے جس میں بڑی تعداد میں خیمے شامل ہیں۔ایس پی اے کے مطابق کے ایس ایچ آر سی غزہ میں متاثرہ خاندانوں میں ضروری امداد کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔غزہ میں امدادی ادارے کے ایگزیکٹو پارٹنر سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج کی فیلڈ ٹیموں نے امداد وصول کی، نئے خمیوں کی آمد سے تنظیم کی فیلڈ ٹیموں کو متاثرہ خاندانوں کو شیلٹر کی فراہمی کی کوششوں کو مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی۔یہ امداد ان امدادی کوششوں کا تسلسل ہے جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کرنا ہے۔علاوہ ازیں ادارہ غزہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے جہاں مختلف علاقوں میں پانچ لاکھ لیٹر صاف پانی فراہم کیا گیا۔ادھر، ادارے کے سینٹرل کچن نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں مزید 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ بھی تقسیم کیے،یہ اقدام سینٹر کے ذریعے فلسطینی عوام تک ہنگامی انسانی امداد کی فراہمی کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔