شب برات رحمت، مغفرت اور خود احتسابی کی عظیم رات ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیغام

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شب برات اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بخشش کی عظیم رات ہے جو انسان کو خود احتسابی، توبہ و استغفار اور نیکی کے راستے پر گامزن ہونے کا پیغام دیتی ہے۔ شب برات کے بابرکت موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ شب برات ایک مقدس اور روحانی …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شب برات اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بخشش کی عظیم رات ہے جو انسان کو خود احتسابی، توبہ و استغفار اور نیکی کے راستے پر گامزن ہونے کا پیغام دیتی ہے۔

شب برات کے بابرکت موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ شب برات ایک مقدس اور روحانی رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خصوصی رحمت نازل فرماتا ہے، گناہوں کو معاف کرتا ہے اور آئندہ سال کے معاملات سے متعلق فیصلے فرماتا ہے، یہ رات ہمیں اپنی زندگیوں پر غور و فکر کرنے، اپنی کوتاہیوں کا احساس کرنے اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سچی توبہ کے ذریعے اس کی قربت حاصل کرنے کا درس دیتی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شب برات ہمیں صبر، برداشت، باہمی اتحاد اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شب برات ہمیں ایثار، محبت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت رات کے صدقے پاکستان کو امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، قوم کو درپیش مشکلات سے نجات دے اور ہمیں دین اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔انہوں نے آخر میں پوری قوم کے لیے نیک خواہشات اور بہتری کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس رات کے صدقے ہم سب کی دعائیں قبول فرمائے اور ہمیں اپنی رحمت و مغفرت سے نوازے، آمین۔

مزید خبریں