وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں بدھ کو جشن عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، ملک بھر میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے عبادات، جلوسوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر ملک و قوم اور عالم اسلام کو جشنِ ولادتِ رسول اکرم ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں کا محور بنانے پر زور دیا ہے۔

عید میلادالنبی ﷺ کی مرکزی تقریب بدھ کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام منعقد ہوئی اور بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’ نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبیﷺ کی روشنی میں‘‘ تھا۔ اس موقع پر ملک بھر سے معروف نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید الانبیاء خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔آپ ﷺ کی ولادت باسعادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے عید میلاد النبی ﷺ (12 ربیع الاول 1448ھ / 26 اگست 2026ء) کے موقع پر اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ آپ ﷺ سے سچی محبت کا تقاضا ہے کہ آپ کی سیرت اور تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے،ان کی پوری زندگی رحمت، محبت، عدل،برداشت،عفو و درگزر اور حسن اخلاق کا عملی نمونہ ہے، آج ہماری نوجوان نسل ایسے دور سے گزر رہی ہے جہاں اسے مختلف فکری ، اخلاقی، معاشرتی اور ڈیجیٹل چیلنجز کا سامنا ہے، سوشل میڈیا پربے مقصد مواد ، عدم برداشت ، مادہ پرستی اور مختلف منفی رجحانات ہماری نئی نسل کی شخصیت اور سوچ پر اثر انداز ہو رہے ہیں، سیرت طیبہﷺ ایسے ماحول میں ہمارے نوجوانوں کے لئے سب سے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ رسولﷺ کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہو گا،انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام پیش کرتے ہوئے پوری امتِ مسلمہ کے لیے اس مبارک دن کو سعادت اور شکرگزاری کا موقع قرار دیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فخرِ موجودات حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی مبارک ساعتیں میسر آنا ہر مسلمان کے لیے عظیم سعادت ہے، انہوں نے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ فخرِ موجودات، آپؐ رہبرِ کائنات، آپؐ پر درود و سلام۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خصوصی پیغام میں جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد دی ۔انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی آمدِ مبارک کو پوری انسانیت کے لیے ہدایت، امن اور روشنی کا ذریعہ قرار دیا۔

انہوں نے سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے بھائی چارے، امن اور حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں، پاکستانی عوام اور بالخصوص صوبے کے محب وطن شہریوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت اور امن کا ابدی پیغام لے کر آئی۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی اور بہترین نمونہ فراہم کرتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے انسانیت کو علم و شعور، عدل و انصاف، اخوت و مساوات، برداشت اور باہمی احترام کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمیں نفرت، تعصب اور انتہا پسندی سے اجتناب کرتے ہوئے معاشرے میں امن، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا درس دیتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید میلاد النبیؐۖ کے بابرکت موقع پر پوری قوم اور بالخصوص اہل بلوچستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیؐۖ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے۔ آپؐۖ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے محبت، اخوت، برداشت، عدل، مساوات، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا کامل نمونہ ہے ۔اپنے پیغام میں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ عید میلاد النبیؐۖ ہمیں اس عظیم ہستی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی یاد دہانی کراتی ہے جنہوں نے انسانیت کو جہالت، ظلم اور ناانصافی کے اندھیروں سے نکال کر علم، عدل اور اخوت کی روشنی عطا کی۔ نبی کریمؐۖ نے معاشرے کے کمزور طبقات، یتیموں، مسکینوں، خواتین اور ضرورت مندوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نبی کریمؐ ۖ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے ایک مکمل ضابط حیات ہے۔

آپؐۖ نے عدل و انصاف، دیانت داری، امانت، مساوات اور باہمی احترام کو معاشرے کی بنیاد بنایا۔ آج ہمیں درپیش چیلنجز کا مقابلہ بھی انہی سنہری اصولوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنا کر کیا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے اور ہماری قومی شناخت اسلام کی امن، سلامتی، بھائی چارے اور انسانیت سے محبت کی تعلیمات سے جڑی ہوئی ہے۔ عید میلاد النبیؐ ۖ کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے میں نفرت، تعصب، انتہا پسندی اور تقسیم کے بجائے اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے ۔وفاقی دارالحکومت سمیت، لاہور، کراچی، پشاور ، گلگت بلتستان اور مظفر آباد میں بھی عید میلادالنبی ﷺ شایان شان مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی۔

اس موقع پر دعاؤں، جلوسوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ میلاد جلوسوں کے شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی گئی ۔میلاد النبیؐ کے موقع پر عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جنہوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شہروں،قصبوں اور دیہاتوں کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے منور کیا۔ اس موقع پر خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا، جن میں شرکاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

مساجد، گلیوں اور عمارتوں پر چراغاں کیا گیا جبکہ بینرز اور سبز جھنڈیوں سے شہروں، قصبوں، دیہاتوں، اہم عمارتوں ، مارکیٹس اور مساجد سمیت گھروں کو سجا یا گیا۔قبل ازیں عید میلاد النبی کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارلحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مسلح افواج کے نوجوانوں نے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک و ملت کی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزید خبریں