اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ شب برات کی مقدس رات اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ، اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور اصلاح نفس کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے، شب برات ہمیں اپنے اعمال کا جائزہ لینے، کوتاہیوں پر ندامت کا اظہار کرنے اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دیتی ہے۔ شب برات کے بابرکت موقع …
شب برات کی مقدس رات اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ، اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور اصلاح نفس کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ شب برات کی مقدس رات اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ، اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور اصلاح نفس کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے، شب برات ہمیں اپنے اعمال کا جائزہ لینے، کوتاہیوں پر ندامت کا اظہار کرنے اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دیتی ہے۔
شب برات کے بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شب برات رحمت، مغفرت اور برکتوں کی رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خصوصی فضل فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت موقع پر ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے۔سپیکر نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں گزشتہ سال پاک بھارت جنگ میں بھارت کے خلاف فتح سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ کی نصرت، افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی یکجہتی کا مظہر ہے جس پر پوری قوم کو عاجزی کے ساتھ شکر گزار ہونا چاہیے۔
سپیکر نے حالیہ دنوں بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی کہ وہ شب برات کی بابرکت رات میں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سپیکر نے مزید کہا کہ شب برات کے موقع پر دنیا بھر میں ظلم و جبر کا شکار مسلمانوں بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم اقوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جائز جدو جہد میں شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے بھی اپنے پیغام میں شب برات کی مناسبت سے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ رات ہمیں صبر، برداشت، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر اتحاد، رواداری اور اجتماعی فلاح کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔








