منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی قومی ذمہ داری ہے
شجرکاری صرف مہم نہیں آنے والی نسلوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی قومی ذمہ داری ہے،ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی

مزید خبریں
راولپنڈی۔27جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی قومی ذمہ داری ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، فضائی آلودگی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو سرسبز، شاداب اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ احمد حسن رانجھا نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی شہر کے گرین بیلٹس، پارکس، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر شجرکاری، موسمی پھولوں کی کاشت، پارکس کی تزئین و آرائش اور گرین انفراسٹرکچر کی بہتری پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہر کی خوبصورتی کے ساتھ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ہر فرد کم از کم ایک درخت لگا کر اس کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ صاف، سرسبز اور خوبصورت راولپنڈی کی تعمیر حکومت اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہارٹیکلچر ایجنسی اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔








