شری کٹاس راج میں مذہبی رسومات کیلئے بھارتی ہندو یاتری 19 دسمبر کوپاکستان پہنچیں گے

146

لاہور۔16دسمبر (اے پی پی):شری کٹاس راج میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بھارتی ہندو یاتری 19 دسمبر کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان آئیں گے،جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری( شرائنز )سیف اللہ کھوکھر ،ممبران پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی و اعلی حکام اور مقامی ہندو رہنما مہمانوں کا استقبال کریں گے۔

وفاقی وزارت مذہبی امور براے بین ا لمذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین بورڈ سید عطا الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے ان کی سیکورٹی ،رہائش،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل (شرائنز )عمر جاوید اعوان کے مطابق ہندو یاتری 19دسمبر کو پاکستان پہنچنے کے بعد سپیشل بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر سے گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں ایک دن قیام کریں گے ۔

20 دسمبر کو لاہور سے کٹاس راج مندر(ضلع چکوال) روانہ ہوں گے ۔21دسمبر کو ہندو یاتری کٹاس راج مندر میں اپنی مذہبی رسومات (بھانو سپتمی ) ادا کریں گے اور شام میں دیے جلانے کی رسومات ( دیپ مالا ) ادا کی جائیں گی ۔ہندو یاتری 22 دسمبر کو چکوال سے واپس لاہور روانہ ہوں گے ،لاہور میں قیام کے دوران شری کرشنا مندر راوی روڈ اور والمیک مندر انارکلی کا دورہ کریں گے ۔ہندو یاتری 7روزہ دورہ مکمل ہونے پر 25 دسمبر کو واپس روانہ ہوں گے ۔