شمالی پیرو میں 7.5 شدت کا زلزلہ ، چرچ ٹاور سمیت کئی عمارتیں تباہ ،کم از کم دو افراد زخمی

لیما۔28نومبر (اے پی پی):شمالی پیرو میں اتوار کے روز 7.5 شدت کا زلزلہ آیا ہے، چرچ ٹاور سمیت کئی عمارتیں تباہ اور کم از کم دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کے روز پورے شمالی اور وسطی پیرو کے علاقوں میں زلزلے کے زور دار جھٹکوں نے تقریباً آدھے ملک کو متاثر کیا، بشمول ساحلی اور اینڈین علاقے جیسا کہ کاجمارکا، پیورا، ٹمبس، …

لیما۔28نومبر (اے پی پی):شمالی پیرو میں اتوار کے روز 7.5 شدت کا زلزلہ آیا ہے، چرچ ٹاور سمیت کئی عمارتیں تباہ اور کم از کم دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کے روز پورے شمالی اور وسطی پیرو کے علاقوں میں زلزلے کے زور دار جھٹکوں نے تقریباً آدھے ملک کو متاثر کیا، بشمول ساحلی اور اینڈین علاقے جیسا کہ کاجمارکا، پیورا، ٹمبس، لامباییک، انکاش اور دارالحکومت لیما شامل ہیں، امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ پیرو کے جیالوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز پیروامیزون میں سانتا ماریا ڈی نیوا قصبے سے 98کلومیٹر دور مشرقی علاقہ تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 131 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سول ڈیفنس کے مطابق زلزلے سے چرچ ٹاور سمیت کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں جبکہ ابھی تک دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم زلزلے کے بعد پورے ملک میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے تاہم زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ پیرو میں 2007ءمیں 7.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 500 سے زائد لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے۔