شوال 1447 ھ کا چاند نظر نہیں آیا ،عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):شوال 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا ،عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی۔جمعرات کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت یہاں منعقد ہوا جبکہ زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ملک بھر میں اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے ۔ محکمہ موسمیات اور سپارکو سمیت …

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):شوال 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا ،عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی۔جمعرات کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت یہاں منعقد ہوا جبکہ زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ملک بھر میں اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے ۔ محکمہ موسمیات اور سپارکو سمیت دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے ماہرین اور عملہ نے رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کی ۔

ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں بھی شوال 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا اس لئے عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی۔ مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ خلیج اور ایران سمیت ساری امت مسلمہ پر اسرائیلی جنگ مسلط ہے، اللہ اس ظالم دشمن سے نجات دلائے ، اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے ،اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ہماری افواج اور فیلڈ مارشل کی بھی حفاظت فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورے اتحاد و اتفاق سے ملک کو آگے لے کر جانا ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہماری رمضان المبارک کی عبادات قبول فرمائے اور کمی کوتاہی معاف کرے۔ وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔