شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا کیس بہت سنجیدہ ہے،بچنے کی گنجائش نہیں،گلگت بلتستان انتخابات کے بعد پاکستان کی سیاست میں ہلچل ہو گی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف 25 ارب روپے کرپشن کا کیس بہت سنجیدہ ہے، شہباز شریف کی ٹی ٹیوں اور بینک ٹرانزیکشنز کے دستاویزی ثبوت ہیں جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اسلئے ان کی بچت کی گنجائش بہت کم ہے، گھر کے چار بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں، انہوں نے ساری معلومات دے …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف 25 ارب روپے کرپشن کا کیس بہت سنجیدہ ہے، شہباز شریف کی ٹی ٹیوں اور بینک ٹرانزیکشنز کے دستاویزی ثبوت ہیں جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اسلئے ان کی بچت کی گنجائش بہت کم ہے، گھر کے چار بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں، انہوں نے ساری معلومات دے دی ہیں اور وہ سلطانی گواہ بن گئے ہیں، گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مقابلہ ہو گا لیکن پی ٹی آئی اکثریت حاصل کر لے گی، انتخابات کے بعد پاکستان کی سیاست میں ہلچل ہو گی، اپوزیشن کے جلسے جلوسوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متنازع بیان ٹویٹ کرنے پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیری مزاری نے امریکی سفارتخانے کو منہ توڑ جواب دیا ہے، کوئی بھی ملک پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے، ہمارے اداروں کے پاس جو معلومات ہوتی ہیں وہ کسی کے پاس نہیں ہوتیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف جس بیانیے کو لیکر چل رہے ہیں انہوں نے اپنے پا وں پر خود کلہاڑا مارا ہے، مریم نواز جسطرح کی سیاست کر رہی ہیں اس سے ن لیگ کے مسائل بڑھے ہیں، دسمبر سے 20 فروری تک ن لیگ کئی رہنما اپنی پوزیشن واضح کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 120 عدالتیں بنانے کا فیصلہ بہت بڑا اقدام ہے، اگر 120 میں سے 50 عدالتیں بھی بن جائیں تو ملک سے نہ صرف کرپشن ختم ہو سکتی ہے بلکہ جمہوریت بھی بغیر کسی دھچکے اپنا کام جاری رکھ سکے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، اگر عدالتیں بنوانے کے حکم پر عمل درآمد ہو گیا تو جولوگ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، وہ قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے مزار قائد کی بے حرمتی کی جس سے پوری قوم میں غم و غصے میں ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، ظاہر ہے قانون کیسے کام کرتا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مارچ میں سینیٹ کے انتخابات ہوں گے، حکومت کی تیاری پوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے کیلئے اکٹھے ہیں، اقتدار بانٹنے کیلئے نہیں، اپوزیشن تاریخیں دیتی رہتی ہیں، جلسے جلوسوں سے حکومتیں نہیں گرتیں، یہ لوگ ناکام ہوں گے اور ان کو کوئی کامیابی نہیں ملے گی، گلگت بلتستان انتخابات کے بعد ان کی صورتحال مزید کمزور ہو جائے گی۔

مزید خبریں