شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی سرپرستی میں متحدہ عرب امارات نیشنل آرکسٹرا کا قیام

137

ابوظہبی۔13دسمبر (اے پی پی):شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی سرپرستی میں ’’متحدہ عرب امارات نیشنل آرکسٹرا‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نیشنل آرکسٹرا قائم کر دیا گیا ہے جس کی سرپرست شیخ عبداللہ بن زاید النہیان ہیں ،اس آرکسٹرا کے قیام کا مقصد فنون لطیفہ کو سراہنا اور متحدہ عرب امارات کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔یہ آرکسٹرا روایتی اماراتی موسیقی ورثے کو جدید عالمی طرزوں کے ساتھ ہم آہنگ کرے گا، جو ملک کی فنکارانہ تنوع کو نمایاں کرے گا۔

اس اقدام کی قیادت وزیر مملکت اور یو اے ای نیشنل آرکسٹرا بورڈ کی چیئرپرسن نورة الکعبی کر رہی ہیں، جس کا مقصد ملک کے موسیقی کے شعبے کو ترقی دینا، ابھرتے ہوئے فنکاروں کی حمایت کرنا، اور موسیقی کو مختلف ثقافتوں کے درمیان پل کے طور پر استعمال کرنا ہے۔بورڈ آف ڈائریکٹرز میں معروف ثقافتی، فنکارانہ اور علمی شخصیات شامل ہیں، جن میں وزیر تعلیم سارہ الامیری، وزیر ثقافت شیخ سالم بن خالد القاسمی، محکمہ ثقافت اور سیاحت ابوظہبی کے چیئرمین محمد خلیفہ المبارک، متحدہ عرب امارات کے صدر کے ثقافتی مشیر زکی نسیبہ، اور مشہور فنکار نصیر شمعہ شامل ہیں۔

اس سلسلے میں موسیقاروں اور گلوکاروں کے لیے جلد ہی آڈیشن کا آغاز ہوگا، منتخب ہونے والے فنکاروں کو کل وقتی ملازمت اور پرکشش مراعات فراہم کی جائیں گی۔ درخواستیں 26 جنوری 2025 تک آرکسٹرا کی آفیشل ویب سائٹ پر جمع کرائی جا ئیں گی جس کے ساتھ موسیقی کے ہنر کا ریکارڈ شدہ نمونہ بھی جمع کرانا ہوگا۔
\932