صحافت ایک وسیع اور باوقار شعبہ ہے، صحافی ہماری آنکھیں اور کان ہیں، سردار ایاز صادق کا پی آر اے کی نو منتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ صحافت ایک وسیع اور باوقار شعبہ ہے، صحافی ہماری آنکھیں اور کان ہیں، پارلیمانی رپورٹرز کی مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ایک ذمہ دار صحافی کی پہچان یہ ہے کہ وہ مثبت، سچی اور ذمہ دارانہ صحافت کو ترجیح دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار منگل کو انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ صحافت ایک وسیع اور باوقار شعبہ ہے، صحافی ہماری آنکھیں اور کان ہیں، پارلیمانی رپورٹرز کی مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ایک ذمہ دار صحافی کی پہچان یہ ہے کہ وہ مثبت، سچی اور ذمہ دارانہ صحافت کو ترجیح دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار منگل کو انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن(پی آر اے) کی نو منتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی آر اے پی کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری اور ڈاکٹر شرمیلا صاحبہ فاروقی ہشام بھی موجود تھیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بیٹھے بیشتر صحافیوں سے میرا پرانا تعلق ہے، پارلیمانی رپورٹرز کو ہمیشہ پارلیمنٹ کا اہم حصہ سمجھا ہے، پارلیمانی رپورٹرز ممبران پارلیمنٹ سے زیادہ وقت پارلیمنٹ میں گزارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافی ہماری انکھیں اور کان ہیں اور یہ ایک مقدس اور باوقار پیشہ ہے، مصنوعی ذہانت سے متعلق کچھ خدشات موجود ہیں، صحافی اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

انہوں نے خصوصی طور پر وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک بہترین وزیر اطلاعات ثابت ہوئے ہیں، پی آر اے پی ممبران کو بھی الائیڈ بینک پارلیمنٹ ہائوس سے قومی اسمبلی ملازمین کی طرز پر بینک کے قرضوں سمیت سہولیات ملنی چاہئیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رپورٹرز کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے متعلق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ پی آر اے پی کے نو منتخب صدر ایم بی سومرو اور سیکرٹری نوید اکبر نے سپیکر قومی اسمبلی کا تقریب حلف برداری میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔نو منتخب صدر اور سیکرٹری پی آر اے پی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پی آر اے پی کے ساتھ تعاون کو سراہا۔